اس سیزن میں ابھی تک جیت کا ذائقہ نا چکھنے والی رائل چیلینجرز بنگلور اب تک مسلسل 6 میچ ہار چکی ہے اور آج اس کا مقابلہ کنگز الیون پنجاب سے ہوگا۔
بنگلور کا مقصد شکست کے سلسلے کو توڑنا ہوگا پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے کوہلی اینڈ کمپنی کے لیے اپنے بقیہ تمام میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ دوسری ٹیموں کے نتائج بھی معنی خیز ہوں گے۔
رائل چیلینجرز بنگلور ابھی تک گیند بازی اور بلے بازی دونوں شعبے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ایک میچ کو چھوڑ کر وراٹ کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرس کا بلہ بھی خاموش ہے جو انتہائی تشویشناک ہے، ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر نہیں ہے۔
اسی طرح گیندبازی میں بھی یزویندر چہل کے علاوہ دوسرا کوئی بھی گیندباز نہیں ہے جس پر زیادہ انحصار کیا جا سکے ۔
حالاںکہ ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ زخمی ناتھن کولٹر نائل کی جگہ جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز ڈیل اسٹین بنگلور ٹیم میں شامل ہونے والے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انہیں حتمی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا جائے یا نہیں۔
دوسری جانب کنگز الیون پنجاب کی بات کی جائے تو پچھلے میچ میں لوکیش راہل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سنچری بنائی تھی لیکن اس کے گیند باز اسکور کا دفاع نہیں کر سکے تھے اور ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس کے علاوہ کرس گیل کا بلہ ابھی تک خاموش ہے جو ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
گیند بازی میں کپتان روی چندرن اشون کمان سنبھالے ہوئے ہیں اور مسلسل بہتر گیند بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مجیب الرحمن اور مروگن اشون ان کا بکوبی ساتھ نبھا رہے ہیں۔
پیش ہے آج کے میچ کی تجزیاتی رپورٹ۔