شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے آج یہاں بتایا کہ امریکی ایئرلائن کی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز دہلی سے نیویارک اور سان فرانسسکو کے لئے 17 سے 31 جولائی کے درمیان پروازیں چلائے گی۔ نیویارک کے لئے روزانہ پروازیں ہوں گی جبکہ سان فرانسسکو کے لئے ہفتے میں تین پروازیں ہوں گی۔
اسی طرح ایر فرانس کے ساتھ پیرس سے دہلی، ممبئی اور بنگلور جانے والی پروازوں کے لئے معاہدہ ہوا ہے۔ ایئرلائن 18 جولائی سے یکم اگست کے درمیان ان بھارتی شہروں سے پیرس جانے والی 28 پروازیں چلائے گی۔ جرمنی کی ایئر لائن کمپنی لفتھانسا کے ساتھ بات چیت بھی آخری مرحلے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سرکاری ایئرلائن ایئر انڈیا کا طیارہ ایئر ببل کے تحت اڑانیں بھریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں نجی ایئر لائنز بھی اس میں دلچسپی ظاہر کریں گی۔
مسٹر پوری نے واضح کیا کہ یہ باقاعدہ بین الاقوامی پروازیں نہیں ہوں گی اور فی الحال باقاعدہ پروازیں شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا،”میرا اندازہ ہے کہ بین الاقوامی پروازیں کچھ عرصے تک ایئر ببل کے تحت کام کریں گی، جو بعد میں باقاعدہ سروس میں تبدیل ہوجائیں گی۔ مجھے نہیں معلوم کہ باقاعدہ بین الاقوامی پروازیں کب شروع ہوں گی۔
سول ایوی ایشن کے سکریٹری پردیپ سنگھ کھرولا نے کہا کہ ضابطوں اور صحت کے عمل کے دائرہ کار میں ہی بین الاقوامی پروازیں شروع کی جارہی ہیں، لہذا اسے ایر ببل کو یہ نام دیا گیا ہے۔ اس میں تین اہم چیزیں ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سفر کا مطالبہ ہونا چاہئے، دونوں ممالک کے قواعد ایک دوسرے کے مسافروں کی نقل و حرکت کی اجازت دیتے ہیں اور ایئرلائن کی کمپنیاں پروازوں کے لئے تیار ہوں۔