بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ 'وہ لداخ یونین ٹریٹری میں حقیقی کنٹرول لائن پر چینی فوج 'پیپلز لبریشن آرمی' کے خلاف طویل عرصے تک صف آرا رہنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے موسم سرما کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ 'لداخ کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوجاتی ہے اور نومبر ماہ کے بعد 40 فٹ برف جمع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران بھاری برف باری کے علاوہ درجہ حرارت منفی 30 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاتا ہے اور یخ بستہ ہوائیں فوجی اہلکاروں کے مشکلات کو مزید دو چند کر دیتی ہیں۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ 'بھارت ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے کا متمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسائل کا حل مذاکرات کی میز سجانے میں یقین رکھتا ہے اور مشرقی لداخ میں سرحد پر چین کے ساتھ بھی معاملے کا حل تلاش کرنے کے لیے مذاکراتی عمل جاری ہے۔