بھارت اپنے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کو دس براڈ گیج ڈیزل انجن بطور امداد فراہم کرے گا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے سینئر عہدہ داران اس کا آعاز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان عہدہ داران میں سرحد کے دونوں اطراف کے مقامی اسٹیشنز پر وزرائے خارجہ، ریلوے کے وزراء، دونوں ممالک کے ہائی کمشنر، ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور دیگر عہدیدار شامل ہیں۔
اس حوالے سے مغربی بنگال کے ضلع نادیہ میں مشرقی ریلوے کا گرڈ اسٹیشن اور بنگلہ دیش کی طرف درشانہ کا اسٹیشن دو مراکز ہوں گے۔
بنگلہ دیش کو دیئے جارہے 3300 HP WDM3D انجن کی عمر 28 برس یا اس سے زیادہ ہے اور یہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ مال بردار سامان کے ساتھ ساتھ مسافر ٹرینوں کو چلانے کے لئے موزوں ہیں اور اس میں مائیکرو پروسیسر پر مبنی کنٹرول سسٹم موجود ہے۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ہم بنگلہ دیش ریلوے (بی آر) کے ساتھ شراکت کے خواہاں ہیں۔ ہم وہاں رولنگ اسٹاک کی فراہمی اور دیکھ بھال کریں گے'۔
بیان کے مطابق انڈین اور بنگلہ ریلوے کے اشتراک کے بعد معاشی و سماجی تعلقات میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔