مودی کے گزشتہ دیر رات بھارت واپسی سے قبل اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام کے معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔ اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان مجموعی طور پر بارہ معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل کی صدارت مشترکہ طورپر وزیر اعظم مودی اورسعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں گے۔
اس دورے کے دوران وزیر اعظم مودی نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے علاوہ متعدد عالمی رہنماوں کے ساتھ باہمی تبادلہ خیال کیا۔
قبل ازیں فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹیو( مستقبل میں سرمایہ کاری کے اقدامات) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے سعودی کمپنیوں کو بھارت کی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے اس شعبے میں سنہ 2024 تک 100بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں عالمی رہنماوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بھارت میں انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور بھارت نے اگلے پانچ برس میں ملک کی معیشت کو 5 ٹریلین ڈالر تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔صرف انفرااسٹرکچر کے شعبے میں ہی 1.5 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔