انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ملک میں 99 سے بھی زائد ڈاکٹرز کووڈ 19 کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کی رجسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے کل 1،302 ڈاکٹرز متاثر ہوئے ہیں۔
- ڈاکٹرز کی عمروں کا تناسب:
اس رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے 73 ڈاکٹرز کی عمر 50 برس سے اوپر ہے۔ ان میں 19 ڈاکٹرز 35 سے 50 برس کی عمر کے اور سات ڈاکٹرز 35 برس سے کم عمر کے ہیں۔
آئی ایم اے نے اپنی اس رپورٹ کو 'نہایت ہی چونکا دینے والی اور فکر مند صورت حال' قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 'کووڈ ۔19 کی وجہ سے ڈاکٹرز کی ہلاکتوں اور انفیکشن کی وجہ سے پورے ملک کے طبی سسٹم میں سخت خلل پیدا ہے، اس کی وجہ سے مریضوں کے علاج کے لیے ڈاکٹرز کی قلت محسوس کی جارہی ہے'۔
کورونا وبائی امراض کے خلاف 'فرنٹ لائن واریر' کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز اور میڈیکل انتظامیہ کے لئے آئی ایم اے کی جانب سے ریڈ الرٹ کا اعلان کیا ہے۔
- اگر کورونا اموات کو کم کرنا ہو تو۔۔۔۔۔۔۔۔:
آئی ایم اے کے صدر ڈاکٹر راجن شرما نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئےکہا ہے کہ 'ڈاکٹرز اور طبی منتظمین کی حفاظت کے لیے ریڈ الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگر کورونا اموات کو کم کرنا ہو تو اسے ڈاکٹرز اور اسپتالز سے شروع کرنا ہوگا۔ اس کے لئے انفیکشن کنٹرول سمیت اسپتال کے تمام انتظامی سیٹ اپ کا سخت جائزہ لینے اور اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے'۔
ریکارڈ کے مطابق کووڈ -19 کی وجہ سے صرف ماہ جون میں بھارت میں کم از کم 100 ڈاکٹرز کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ کم از کم 25 نرسیز اور دیگر طبی سہولیات فراہم کرنے والے بھی اس مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'کووڈ-19 وبائی مرض نے بھارت میں اب تک کم از کم 100 ڈاکٹرز کی جان لے لی۔ ڈاکٹرز میں موت بہت تشویش کا باعث ہے۔ ڈاکٹرز، ملازمین اور عوام کی طرف سے بہتر اور خوشگوار نظام بنانے کی ضرورت ہے۔ تمام ڈاکٹرز کے لیے صفائی اور ستھرائی کا خصوصی پروٹوکول ہونا چاہئے'۔
- نوجوان ڈاکٹرز بھی کورونا سے یکساں متاثر:
اعداد و شمار کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ سینئر اور نوجوان ڈاکٹرز کورونا سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔
شرما نے کہا ہے کہ 'ڈاکٹرز کو اس صورتحال کا چارج سنبھالنے کی ضرورت ہے اور انہیں اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنانا چاہئے'۔