یہ بات انہوں نے مسلم آرگنائزیشن کے زیراہتمام ریاست کی مختلف ملی ومذہبی تنظیموں کے متحدہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ ملک ہر باشندے کا ہے اور غیرآئینی قانون کی آڑ میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی سے بھارتی ہونے کا ثبوت مانگنا اس کی توہین کرنے کے مترادف ہے اس لئے اس نئے قانون کو یکسر مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر لاکھوں کے جم غفیر سے کلیدی خطاب میں گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے کہاکہ ہم پُرامن طورپرقانون کے دائرہ میں رہ کر جمہوری طریقے سے اس ایکٹ کے خلاف کھڑے ہیں۔آئین کی بنیادی روح سے کھلواڑ قطعا برداشت نہیں ہے۔
شیخ نے کہاکہ آج پورا ملک سڑکوں پر اترا ہے،امن وچین لوگوں کا چھن گیا ہے، مذہب کے نام ہمیں تقسیم کیا جارہا ہے،جو آئین کے خلاف ہے۔شیخ ابوبکر نے کہاکہ کیا سرکار ہمیں بتائے گی کہ پُرامن زندگی گذارنے میں ہمارے بنیادی حقوق کیا ہیں؟ بھارتی مسلمان کبھی آئین کے خلاف قدم نہیں اٹھاتا، ہم اس ملک کے باعز ت شہری ہیں، یہ ملک کسی پارٹی،دھرم،ذات یا مذہب کا نہیں ہے۔ بلکہ یہاں کے بسنے والے ہر شہری ہندو، مسلم، سکھ عیسائی ودیگر سارے لوگوں کا ہے۔ہمیں مذہب، ذات اور نسل کے نام پر تقسیم کرنے والے تخریب کار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم مسلم ہیں اس لئے ہمارے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ مسلمان اس ملک سے پیار ومحبت کرتا ہے اور امن وشانتی کا پیغام عام کرتا ہے۔