دہلی کی کڑ کڑ ڈوما عدالت آج طاہر حسین کی تین مقدمات میں ضمانت کی عرضی پر سماعت کرے گی۔
سابق کونسلر طاہر حسین اس وقت جیل میں بند ہیں ان پر دہلی فسادات میں ملوث ہونے کا الزام ہے، موصولہ اطلاعات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ونود یادو ضمانت کی ان تینوں عرضی پر سماعت کریں گے۔
دہلی فسادات: طاہر حسین کی ضمانت عرضی پر آج سماعت دراصل اس سے قبل کی سماعت کے دوران دہلی پولیس نے کہا تھا کہ چاند باغ پلیا کے قریب ہونے والے تشدد کی ایک ہی وکیل پیروی کرے گا، دہلی پولیس کے پراسیکیوشن ونگ نے چاند باغ پلیا کے قریب ہونے والے تشدد کے تمام مقدمات کی سماعت کے لیے ایڈووکیٹ منوج چودھری کو مقرر کیاہے۔
گذشتہ 26 ستمبر کو منوج چودھری تینوں معاملات میں دہلی پولیس کی جانب سے پیش ہوئے اور سماعت ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔
21 اگست کو کڑ کڑڈوما کورٹ نے طاہر حسین کے خلاف ایف آئی آر میں داخل چارج شیٹ کا نوٹس لیا۔ چارج شیٹ میں طاہر حسین سمیت 15 افراد پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
چارج شیٹ میں طاہر حسین کو فسادات کا ماسٹر مائنڈ بتایا گیا ہے۔ تقریبا ایک ہزار صفحات کی اس چارج شیٹ میں 15 افراد پر الزام لگایا گیا ہے، جن میں کونسلر طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم بھی شامل ہیں۔
کرائم برانچ نے اپنی چارج شیٹ میں بتایا ہے کہ تشدد کے وقت ملزم طاہر حسین اپنی چھت پر تھا۔ طاہر حسین پر تشدد کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ طاہر حسین نے اس تشدد کے لیے 30 لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔