مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے بہار، اڈیشہ، مغربی بنگال اور آسام کی حکومتوں کو ہدایات دی ہے کہ وہ کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہنگامی طور پر ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔ ساتھ ہی اموات کی شرح کو ایک فیصد سے بھی کم رکھیں۔
وزارت صحت کے مطابق ان ریاستوں میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے 15 جولائی کو مرکزی سیکرٹری صحت کے ذریعہ ایک ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اس میں کورونا وائرس کے معاملات میں روزانہ اضافے کی اطلاع دی گئی۔
بہار، اڈیشہ، مغربی بنگال اور آسام میں کورونا وائرس کیسیز میں اضافے کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت صحت کی جوائنٹ سکریٹری لاوا اگروال نے ان ریاستوں کے پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کو خط لکھ کر ہدایت دی ہے کہ 'کووڈ۔19 سے بچنے کے لیے ریاستی سطح پر ایکشن پوائنٹ بنائیں'۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق کنٹینمنٹ پلان کو فیلڈ لیول پر لاگو کیا جانا چاہئے۔ کیسیز اور رابطوں کی نقشہ سازی کی بنیاد پر کنٹینمنٹ زون اور بفر زون کو مناسب طریقے سے بیان کرنا چاہئے۔