ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میوات کی ایک عظیم علمی شخصیت'حکیم اجمل خاں ایک طویل علالت کے بعد بروز پیر 88 برس کی عمر میں اس دارفانی کو الوداع کہا۔ ان کی نماز جنازہ مولانا محمد رحمانی مدنی نے پڑھائی۔ حکیم اجمل خاں کی وفات کے ساتھ میوات اور جماعت اہل حدیث نے اپنے ایک عظیم رہنما کو کھو دیا، جس سے علاقہ میوات سوگوار ہے۔
ملک کے مختلف ریاستوں سے سیاسی، سماجی، اور دینی رہنماؤں نے کثیر تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔ حکیم اجمل خاں کی میوات کی تاریخ پر گہری نظر تھی، وہ میوات کے قدیم ترین دینی ادارہ جامعہ سلفیہ شکراوہ میوات اور 'مجلہ اہلحدیث' کے ایڈیٹر و سرپرست ہونے کے علاوہ ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر نئی دہلی کے نائب صدر بھی تھے۔
ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر نئی دہلی کے صدر محمد رحمانی نے کہا کہ' ان کی وفات ایک عظیم خسارہ ہے۔حکیم اجمل خاں رحمہ اللہ آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس سے وابستہ رہے۔انہیں پنجاب وقف بورڈ، جامعہ منصورہ محمدیہ مالیگاؤں، جمعیت اہل حدیث ہند کے رکن میوات کالج نگینہ کے ممبر اور نہرو کالج فریدآباد کے فاؤنڈر ممبر ہونے کا شرف حاصل رہا۔علاقہ کے مختلف تعلیمی اداروں سے وابستگی اور بیش بہا خدمات کے اعتراف میں انہیں 2017 میں میوات رتن ایوارڈ اور الطاف حسین حالی ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا گیا'۔