عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنما سنجے سنگھ نے چین سے 5،700 کروڑ روپئے کا قرض لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف چین سے قرض لیا جا رہا ہے تو دوسری طرف لوگوں سے ہمسایہ ملک کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
سنگھ نے ٹویٹ کیا ہے کہ 'بی جے پی کا ڈرامہ قابل تحسین ہے۔ آپ ملک سے چین کا بائیکاٹ کرنے کو کہتے ہیں اور آپ نے ہی چین سے 5،700 کروڑ روپئے کا قرض لیا ہے!'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'ملک کے فوجی اہلکار سرحدوں پر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ جبکہ بی جے پی حکومت صرف دفاعی طور پر کام کر رہی ہے'۔
اس سے قبل وزارت خزانہ نے 19 جون کو اعلان کیا تھا کہ حکومت ہند اور بیجنگ میں مقیم کثیرالجہتی مالیاتی ادارہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) نے بھارت کو کووڈ-19 کی مد میں تعاون کے لئے 750 ملین ڈالر (تقریبا 5،688 کروڑ روپئے) کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔