چند روز قبل اترپردیش کے شہر بجنور کے شیر کوٹ میں واقع ایک مدرسے سے اسلحے برآمد کیے گئے تھے، جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اترپردیش حکومت میں وزیر برائے اقلیتی بہبود محسن رضا نے کہا تھا کہ سارے رجسٹرڈ اور غیررجسٹرڈ مدارس کی تفتیش ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ مدارس کے ذمہ داران کو اپنے اپنے مدارس کی تفصیلات حکومت کو دینی پڑے گی کہ وہاں کیا کیا پڑھایا جا رہا ہے؟
محسن رضا نے کہا تھا کہ سارے مدارس کی تفتیش ہونی چاہیے اور مدارس کو اپنی تفصیلات فراہم کرنی چاہیے۔
اس پر ہمارے نمائندے نے میرٹھ شہر میں ذمہ داروں سے ملاقات کرکے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی کہ وہ محسن رضا کے بیان کو کس نظریے سے دیکھتے ہیں؟
میرٹھ میں مدرسہ اسلامیہ کے استاذ، مفتی اشتیاق نے کہا کہ بھارت کے تمام مدارس کو شکوک و شبہات کے دائرے میں رکھ کر دیکھنا یہ سراسر غلط ہے، مدارس اسلامیہ کا ملک کے تحفظ اور تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے۔