ڈاکٹر ہرش وردھن نے سنڈے سمواد میں بتایا کہ کورونا کی وبا کے دوران حکومت بزرگوں کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت کے تمام کال سینٹرز سے کہا گیا ہے کہ وہ بزرگ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے سنیں اور انہیں فوری طور پر مناسب مشورے دیں۔
ہرش وردھن نے کہا کہ وزارت صحت نے کورونا کے پیش نظر سینئر سٹیزنس کے لیے خصوصی رہنما ہدایات جاری کی ہیں، جن میں یہ تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ وبا کے دوران کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ تمام اولڈ ایج ہومز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کورونا سے بزرگ شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات کریں اور نوڈل آفیسر تعینات کریں۔ سی جی ایچ ایس سے کہا گیا ہے کہ وہ 60 برس یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو ان کے گھر تک براہ راست مفت دوائیں فراہم کریں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے ٹی بی کے خاتمے کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو کووڈ کی وبا سے متاثر ہونے سے بچانے کے لیے تفصیلی احوال پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت کے سینٹرل ٹی بی ڈویژن نے ٹی بی خدمات کو جاری رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی ہدایات جاری کیں اور ریاستی حکومتوں اور اضلاع کے ساتھ جائزہ لیا۔