نائب صدر وینکیا نائیڈو نے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے اور انھیں مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے سنیچر کے روز کہا کہ ملک کی آزادی مکمل طور پر خود انحصاری سے منسلک ہے۔
مسٹر نائیڈو نے یہاں ایک پیغام میں کہا 'انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرنے میں 8 اگست کی تاریخ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ ہمیں اس موقع پر آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سبھی مجاہدین آزادی کوسلام کرنا چاہئے'۔
انہوں نے کہا 'آج 8 اگست، بھارتی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، اسی دن 1942 میں مہاتما گاندھی کی قیادت میں ملک نے انگریزوں کو بھارت چھوڑ نے دھمکی دی تھی۔ معاشرے کے ہر طبقے نے اس تحریک میں حصہ لیا اور ملک کی آزادی کے عظیم مقصد کے حصول کے لئے بھر پور کوششیں کیں'۔