کرناٹک کے ضلع اڈوپی میں کوڈری ماہی گیری جیٹی کے قریب کشتی کے ٹکرانے کے بعد چار ماہی گیر لاپتہ ہوگئے ہیں۔
اطلاع کے مطابق گیارہ رکنی عملے میں سے سات افراد ساحل پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ چاروں کو کوسٹل سیکیورٹی پولیس اور مقامی ماہی گیر تلاش کررہے ہیں۔
ساحلی سیکیورٹی پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’حادثہ پیش آیا تو کشتی میں 11 ماہی گیر سوار تھے جن میں سے چار لاپتہ ہیں۔ باقی افراد ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے'۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 'کشتی کا تیز آندھی اور تیز لہروں سے کنٹرول ختم ہوگیا۔ لاپتہ افراد کی شناخت شاکرہ، ناگا، لکشمن اور منجو ناتھ کے نام سے ہوئی ہے'۔
ماہی گیر بینڈور کے قریب یوپنڈا سے سمندر گئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چار ماہی گیر تاحال لاپتا ہیں جبکہ بازیاب ہونے والے سات میں سے پانچ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ ان میں سے دو کو کسی بھی طبی امداد کی ضرورت نہیں تھی۔