اے سی بی کے عہدیداروں جنہوں نے سریکا کلم ضلع کے نماڈا گاؤں سے اچن نائیڈو کو ای ایس آئی ہسپتالوں میں دواؤں اور طبی آلات کی خریداری کے معاملہ میں بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں ان کو گرفتار کیا تھا، کو وجئے واڑہ کے اے سی بی کے دفتر کل شب10.30 بجے لے گئے۔
رسمی کارروائی کی تکمیل کے بعد ان کو اے سی بی کے جج کی قیامگاہ پر1.30 بجے شب پیش کیاگیا۔ اے سی بی جج نے ان کو 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں دے دیا اور پولیس کو ہدایت دی کہ وہ ان کو علاج کی سہولت فراہم کرے کیونکہ ان کی حال ہی میں سرجری ہوئی ہے۔
اے سی بی کے عہدیداروں نے سابق وزیر کو سب جیل منتقل کردیا۔ ان کو طبی معائنہ کیلئے آج صبح سب جیل سے گنٹور کے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا۔
اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے سی بی کے جوائنٹ ڈائرکٹر روی کمار نے کہا کہ 'سات افراد بشمول سابق وزیر کو دواؤں اور آلات کی خریداری کے گھپلے کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار سابق وزیرکی صحت کی خرابی پر ان کا جی جی ایچ گنٹور میں علاج کروایا جارہا ہے جس کے بعد ان کو سب جیل بھیج دیاجائے گا'۔
انہوں نے کہا کہ ای ایس آئی کے سابق ڈائرکٹر سی کے رمیش کمار اس معاملہ میں ملزم نمبر ایک ہیں اور ان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اچن نائیڈو اس معاملہ میں ملزم نمبر دو ہیں۔
گرفتار تلگودیشم لیڈر کے وکیل وینکٹیشورلو نے میڈیا سے کہا کہ اے سی بی کورٹ کے جج نے عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ ان کو طبی علاج کی سہولت فراہم کی جائے اور اس سلسلہ میں ان کو رپورٹ پیش کی جائے۔