ریاست آسام سمیت شمال مشرق ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
آسام میں فائرنگ، چند افراد زخمی آسام کے ایک سینیئر پولیس اہلکار کے مطابق احتجاجی افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے جواب میں پولیس نے فائرنگ کی، جس میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ چند افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ آسام میں احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر کولکاتہ سے جانے والی تمام پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ریاست آسام میں شہریت ترمیمی بل (سی اےبی) کے خلاف جاری احتجاج و مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے فوج نے کئی حصوں میں فلیگ مارچ کیا ہے اور حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے پانچ ہزار سے زائد نیم فوجی دستہ کے جوانوں کی 24 ٹکڑیوں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل بدھ کو مظاہرین نے تقریبا سوا چھ بجے نافذ کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشنوں پر توڑ پھوڑ کی اور ڈبرو گڑھ میں وزیر اعلی سروانند سونووال کی رہائش گاہ پر بھی حملہ کیا۔مظاہرین نے کئی مقامات پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کی رہائش گاہوں پر حملے کیے اور سونووال کی رہائش گاہ پر پتھراؤ بھی کیا۔انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر آج کی شام سات بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند کر دی ہے۔