رامپور کے کرشی بھون پر بھارتی کسان یونین سے جڑے کسانوں نے جمع ہوکر ضلع کے کاشتکاری شعبہ کے افسران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی۔
رامپور میں افسران کی بدعنوانیوں سے کسانوں کا نقصان - رامپور کی خبریں
اترپردیش کے شہر رامپور میں بھارتی کسان یونین کے کارکنان نے کرشی بھون پر بڑی تعداد میں جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یونین نے کہا کہ افسران کاشتکاری کی نئی تکنیک اور کسانوں کو سرکاری منصوبوں سے جوڑنے کے نام پر بد عنوانی کررہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کسان یونین کے ضلع صدر حثیب احمد نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ کاشتکاری کو فروغ دینے کے نام پر ضلع کے افسران بدعنوانیوں میں مبتلا ہیں وہیں کسان سمان ندھی یوجنا کا جو بھی پیسا آتا ہے کاشتکاری شعبہ کے افسران اس میں بھی بندر بانٹ کر لیتے ہیں اور کسانوں سے صرف رقم والے کاغذات پر دستخط کروا کر واپس بھیج دیا جاتا ہے۔
حثیب احمد نے کہا کہ سرکاری اسکیموں کا فائدہ افسران صرف اپنے عزیز و اقارب کو دے رہے ہیں اور باقی کسانوں کو اس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اس سے افسران کی نیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ غیر معینہ مدت کا احتجاجی مظاہرہ تب تک جاری رہے گا جب تک ان بدعنوانیوں کی تحققیات نہ کی جائے۔