سونی پت: دہلی کے سنگھو بارڈر پر زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے۔ ٹھنڈ اور دُھند کی لپیٹ میں بیٹھے کسان حکومت سے مسلسل زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسی درمیان سنگھو بارڈر سے مظاہرے میں شامل ایک کسان کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ متوفی کسان یکم دسمبر سے احتجاج میں شامل تھا۔
کسان رہنماؤں نے بتایا کہ کسان احتجاج میں ٹی ڈی آئی سٹی کے سامنے کسان کی موت ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والے کسان اجئے کی عمر 32 بر بتائی جارہی ہے۔ جو سونی پت کے گاؤں بردا سے تعلق رکھتا ہے۔ معلومات کے مطابق کسان کے پاس ایک ایکڑ اراضی تھی۔ اس کے علاوہ متوفی کسان ٹھیکے پر زمین لے کر کاشتکاری کا کام کرتا تھا اور اپنے گھر کا خرچ برداشت کرتا تھا۔