راحت اندوری کو پیر کی دیر رات مدھیہ پردیش میں اندور کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ راحت اندوری نے خود ٹویٹ کرکے اس بارے میں جانکاری دی تھی۔
راحت اندوری نے خود ہی ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ 'کووڈ کی علامات کے آغاز کے بعد کل میرا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا، جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اندور کے اربندو ہسپتال میں داخل ہوں، دعا ہے کہ میں اس بیماری کو جلد سے جلد شکست دوں گا۔ ایک التجا ہے کہ مجھے یا میرے گھر کے لوگوں کو فون نہ کریں، میری طبیعت کی اطلاع آپ کو ٹویٹر اور فیس بک پر ملتی رہیگی'۔
خیال رہے کہ راحت اندوری ادھر کافی دنوں سے سانس کی تکلیف میں مبتلا تھے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں ذیابیطس اور دل کا عارضہ بھی تھا۔ حال ہی میں نمونیا کے سبب ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوگیا تھا۔
راحت اندوری 4 ماہ سے اپنے گھر سے نہیں نکلے تھے۔ وہ صرف جانچ کے لئے ہی گھر سے باہر نکلتے تھے۔ انہیں چار پانچ دن سے بے چینی ہو رہی تھی۔ ڈاکٹروں کے مشورے پر پھیپھڑوں کا ایکسرے کرایا گیا تو نمونیا کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس کے بعد سیمپل جانچ کے لئے بھیجے گئے تھے، جس میں وہ کورونا پازیٹیو پائے گئے۔