ایس آئی او کے ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے مقتولہ کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ میں فاسٹ ٹریک عدالت کے ذریعہ سے متاثرہ کو فوری انصاف دلایا جائے۔
جنسی جرائم کے روک تھام کے لیے سماج میں بیداری لانے کا مطالبہ - ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین
شہر حیدرآباد میں 26سالہ وٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت دری کے بعد اس کے قتل اور لاش کو جلادینے کی واردات پر اپنے شدید غم اور غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ایس آئی او کے ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے سماج کی سوچ میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعہ کے بعد ہونے والی تگ و دو سے ایسے واقعات کا مکمل تدارک ممکن نہیں کیونکہ اخلاق و اصولوں سے عاری معاشرہ میں ایسے واقعات ہونا لازم امر ہے۔
انہوں نے اخلاقی معاشرہ کی تعمیر میں نااہلی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ محض قانون سازی کی بنیاد پر ایسے جرائم کی روک تھام ممکن نہیں ہے۔ ایک ایسا معاشرہ جو بے حیائی، برہنگی اور نشہ میں دھت ہے وہ معیاری شہری فراہم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس واقعہ کا سخت نوٹ لے قبل اس کے کہ صورتحال کنٹرول سے باہر نکل جائے۔