دہلی اقلیتی کمیشن نے محکمہ صحت کے میڈیکل بلیٹن میں الگ سے کالم اور علیحدہ طور پر تبلیغی جماعت سے متاثرہ کورونا کے ذکر پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے اس علیحدہ کالم کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، نیز دہلی حکومت سے اپیل کی ہے کہ کورونا کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کے لئے ایک علیحدہ قبرستان بنایا جائے۔
دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے حکومت کو لکھے مکتوب میں مطالبہ کیا ہے کہ 'کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں پر مشتمل ہیلتھ بلیٹن میں مسجد کا ایک الگ کالم ہے، یہ لوگوں کے ذہنوں میں ایک خاص برادری کے خلاف جذبات بھڑکانے کا کام ہے'۔
انہوں نے اسے مسلم برادری پر حملوں سے جوڑا ہے اور کہا ہے کہ 'ایسا کرنے کے نتیجے میں مسلم برادری کے لوگوں پر ملک کے مختلف حصوں میں حملہ کیا جارہا ہے اور ان کے معاشی اور سماجی بائیکاٹ کی بات کی جارہی ہے'۔