اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

دہلی فسادات: گلفشاں فاطمہ کی ضمانت منظور - وکیل محمود پراچہ

گلفشاں فاطمہ فروری 2020 میں ہونے والے دہلی فسادات کی ملزمہ ہیں۔

دہلی فسادات کی ملزمہ گلفشاں فاطمہ کو ضمانت ملی
دہلی فسادات کی ملزمہ گلفشاں فاطمہ کو ضمانت ملی

By

Published : Nov 22, 2020, 8:23 AM IST

دہلی کی کڑکڑ ڈوما عدالت نے دہلی فسادات کیس میں گرفتار گلفشاں فاطمہ کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت کی بینچ نے کہا کہ گواہوں کو دھمکانے یا ملزم کے فرار ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

گلفشاں کی جانب سے پیش ہوئے وکیل محمود پراچہ نے بتایا کہ ملزم اس معاملے میں گذشتہ 3 جون سے زیر حراست ہے۔ اسے بغیر کسی ثبوت کے جھوٹے طور پر پھنسایا گیا ہے، دو شریک ملزم دیوانگن کلیتا اور نتاشا نروال کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے لہذا برابری کی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس جرم میں ملزم کا کوئی کردار نہیں تھا، اس کے فرار ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ وہ سیلم پور میں اپنی مستقل رہائش گاہ میں رہتی ہے، ملزم کسی ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے یا گواہوں کو دھمکانے کی کوشش نہیں کرے گی۔

دہلی پولیس کی جانب سے ایڈوکیٹ راجیو کرشنا شرما نے کہا کہ شمال مشرقی دہلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کی آڑ میں مختلف علاقوں میں تشدد کیا گیا، شرما نے بتایا کہ ملزم نے دیگر ساتھی ملزموں کے ساتھ مل کر لوگوں کو بھڑکانے کا کام کیا۔ اس کی وجہ سے پولیس کو امن و امان سنبھالنے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دہلی پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف یو اے پی اے کے تحت ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے جس میں بڑی سازش رچنے کا الزام ہے لہذا ضمانت نہیں دی جانی چاہیے۔

عدالت نے گلفشاں کو 30 ہزار روپے کے مچلکے پر ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ یو اے پی اے کے تحت درج مقدمہ کی الگ سے تحقیقات چل رہی ہے، استغاثہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ ملزم گواہوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ عدالت نے ملزم کو عدالت کی اجازت کے بغیر دہلی سے باہر نہیں جانے کا بھی حکم دیا ہے۔

گلفشاں فاطمہ کو 9 اپریل کو جعفر آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، فاطمہ کو سیشن عدالت نے ایک ایف آئی آر میں ضمانت دے دی ہے، دوسری ایف آئی آر میں فاطمہ کے خلاف یو اے پی اے کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ گذشتہ 13 مئی کو دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت نے ایک اور معاملے میں گلفشاں فاطمہ کی ضمانت منظور کی تھی۔

خیال رہے کہ گلفشاں فاطمہ ایم بی اے کی طالبہ ہیں، فاطمہ پر الزام ہے کہ انہوں نے گذشتہ 22 فروری کو جعفر آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب لوگوں کو سڑک بلاک کرنے پر اکسایا تھا، شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات میں 53 افراد ہلاک اور پانچ سو کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details