عام آدمی پارٹی اور دہلی حکومت جے ای ای اور نیٹ کے امتحان منسوخ کرنے کے مطالبے پر مستقل بضد ہے، دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا اس معاملے کو لے کر مرکزی حکومت پر شدید نکتہ چینی کر رہے ہیں، بدھ کے روز اس مسئلے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہاں تک کہا کہ مرکزی حکومت طلباء کے مفاد میں تنگ نظری ترک کرے اور امتحان کو منسوخ کرے یا کچھ متبادل اقدام کرے۔
منیش سسودیا نے اس معاملے پر مرکزی وزیرتعلیم رمیش پوکھریال نشانک کو خط لکھا ہے۔ اس خط کے ذریعے سسودیا نے مرکزی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا کے موجودہ بحران کے پیش نظر طلباء کے مفاد میں جے ای ای اور این ای ای ٹی کے امتحان کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں امتحانات کا انعقاد 28 لاکھ طلباء کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا۔