ریاست بہار کے ضلع گیا میں ریلوے اسٹیشن احاطے میں گذشتہ رات کار کی زد میں آنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا اور ساتھ ہی تین افراد شدید طور پر زخمی ہو ئے ہیں۔
زخمی افراد کو علاج کے لیے انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج و اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کار سوار نشے کی حالت میں تھا، حادثہ پیش آنے کے بعد مشتعل افراد نے کار سمیت کئی گاڑیوں کو نذرآتش کردیا۔
بے قابو کار دسہرہ میلے میں گھس گئی، ایک ہلاک واقعہ کی اطلاع پاتے ہی جی آر پی، آر پی ایف اور ضلع پولیس افسران جائے حادثہ پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔
مزید پڑھیں:'این آر سی کا بہانہ، مسلمانوں پر نشانہ'
حالات کومعمول پر لانے کے لیے جنکشن کا پورا احاطہ پولیس چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔
دسویں کی رات دسہرہ کا میلہ اور مورتیوں کو دیکھنے کے لیے لوگ جمع تھے، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق اسٹیشن احاطہ میں ایک بے قابو کار میلے علاقے میں داخل ہوگئی تھی، جس کی زد میں آنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
کار سوار شخص نے کسی طرح گاڑی سے اتر کر خود کو جی آر پی تھانہ کے حوالے کر دیا جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔ اسی دوران بھیڑ نے مشتعل ہوکر وہاں موجود کئی گاڑیوں کوآگ کے حوالے کردیا ۔
ہلاک شخص کے چچیرے بھائی نے بتا یا کہ 'وہ جہان آباد ضلع کے رہنے والے ہیں اور یہاں دسہرہ کامیلہ دیکھنے آئے تھے تبھی یہ حادثہ پیش آیا'۔