ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جارہے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 49،310 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12.88 لاکھ ہوگئی ہے ، حالانکہ اس عرصے میں راحت کی بات یہ رہی کہ ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 34،602 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 8،17،209 ہوگئی ۔ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34،602 مریض کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے ہیں اور اسی عرصہ کے دوران وائرس کے ریکارڈ 49،310 نئے کیسز سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12،87،945 ہوگئی اور 740 مریضوں کی اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 30،601 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کوروناوائرس کے 4،26،167 فعال کیسز ہیں۔
مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال پر نظر ڈالیں تو سب سے متاثرہ مہاراشٹر میں وائرس کے9،895 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 298 افراد کی موت ہوگئی۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 3،47،502 ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12،854 ، جبکہ 1،94،253 افراد اس وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔
وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دوسرے نمبر پر براجمان تمل ناڈو میں اس عرصہ کے دوران 6،472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 88 افراد کی موت ہوگئی ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1،92،964 اور ہلاکتوں کی تعداد 3،232 ہوگئی۔ ریاست میں 1،36،793 افراد کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی حالت اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ دارالحکومت میں اب تک 1،27،364 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد بڑھ کر 3745 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 1،09،065 مریضوں کو مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
جنوبی ہندوستان کی ریاست کرناٹک ، متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ریاست میں 80،863 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس وبا سے 1616 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، جبکہ 29،310 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔
آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے اس نے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں اترپردیش اور گجرات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ریاست میں 72،711 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 884 ہوگئی ہے ، جبکہ 37،555 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔