بھارت کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 9152 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 71 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ ابھی تک کورونا وائرس سے متاثر 716 افراد شفا یاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔
کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں اب تک 1985 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 149 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 افراد ہلاک ہوئے اور 224 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 85 نئے کیسز درج کئے جانے کے بعد کل 1154 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران پانچ مزید لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ سے بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔
اس کے بعد تمل ناڈو میں سب سے زیادہ 1043 افراد متاثر ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور شخص کی موت کے ساتھ یہاں ہلاک شدگان کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
راجستھان میں ایک دن میں 104 افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہ تعداد بڑھ کر 804 ہو گئی ہے اور اب تک تین افراد نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔