گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تقریباً 10 ہزار نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 286579 ہوگئی اور اس وبا سے اب تک تقریباً 8102 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق 9996 نئے معاملوں کے ساتھ ملک میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 286579 ہوگئی ہے۔
جبکہ اس بیماری سے 357 لوگوں کی موت ہونے سے اموات کی تعداد بڑھ کر 8102 پر پہنچ گئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 137448 سرگرم معاملے ہیں، جبکہ 141029 لوگ اس وبا سے صحت مند ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3254 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں اور 149 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 94041 اور مرنے والوں کی تعداد 3438 ہوگئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1879 لوگ صحت مند ہوئے ہیں۔ اس کے بعد تامل ناڈو میں 36،481 اور دہلی میں 32،810 مریض پائے گئے ہیں۔