ہماچل پردیش میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے پچھلے چوبیس گھنٹے میں فوج کے جوانوں اور پولیس کانسٹیبلز سمیت 120 نئے مریضوں کی اطلاع ملی ہے۔ جس کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 1954 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے ایڈیشنل سکریٹری اور کووڈ- 19 کے نوڈل آفیسر آر ڈی دھیمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے ہفتے کو بتایا کہ نئے معاملوں میں سولن سے 38 اور منڈی سے 26، سر مور سے 29 ، کانگڑا سے 15 ، حمیر پور اور شملہ سے تین، بلاس پور اور اونا سے ایک نیز کلو اور کنور ضلع سے دو نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی چار اضلاع سے نو متاثرہ افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ ان میں شملہ سے پانچ، کانگڑا سے دو اور بلاس پور اور چمبا سے ایک شخص شامل ہے۔ ضلع کانگڑا میں آرمی کے دو جوان کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ جنہیں فوجی ہسپتال داخل کردیا گیا ہے۔ لیہہ سے واپس لوٹنے والے پولیس کے دو اہلکار مثبت پائے گئے ہیں۔