جان لیوا کورونا کو شکست دینے والوں کی شرح 94 فیصد - بھارت میں کورونا وائرس کی تعداد
بھارت میں کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 94 فیصد ہوگئی ہے۔وہیں کورونا معاملوں کی تعداد میں بھی کمی درج کی گئی ہے۔
ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافے سے اس کی شرح بڑھ کر 94 فیصد سے زیادہ ہوگئی ،جبکہ فعال کیسز کی شرح بھی ساڑھے چار فیصد رہ گئی ہے۔مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس کے کیسز 40 ہزار سے کم رہے۔ اس سے قبل پیر کو 38،772 اور منگل کو 31،118 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 36 ہزار 604 معاملے رپورٹ ہوئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 94 لاکھ 99 ہزار 413 ہوگئی۔ اسی مدت کے دوران43،062 مریضوں نے جان لیوا وبا کو شکست دی ہے، جس سے شفایاب مریضوں کی تعداد 89 لاکھ 32 ہزار647 ہوگئی۔ نئے کیسز کے مقابلے میں صحت مند مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے سے فعال کیسز میں 6959 کی کمی واقع ہوئی ہے، جس سے یہ تعداد 4 لاکھ 28 ہزار 644 رہ گئی۔ اسی عرصے میں مزید 501 مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی تعداد بڑھ کر 1،38،122 ہوگئی۔
ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح94.03 فیصد، فعال کیسز کی شرح 4.51 فیصد جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.45 فیصد ہے۔