ہرش وردھن نے آج یہاں دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال، لیفٹیننٹ گورنر سمیت متعلقہ محکمہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ 'میٹنگ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں بات چیت ہوئی۔'
انہوں نے کہا کہ 'بھارت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویسے تو پوری طرح سے تیار ہے لیکن اگر مستقبل میں کسی طرح کی پریشانی آتی ہے تو اس کے لیے ہمیں تیا رہنے کی ضرورت ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'دنیا کے کئی ممالک میں یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور گزشتہ 12۔10 دنوں میں ہی 60 سے زیادہ ممالک اس کی زد میں آگئے ہیں، کورونا وائرس کے بڑھنے کے خدشات کو دیکھتے ہوئے ساری تیاریاں کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے میٹنگ کے دوران ضروری احتیاطی اقدام کے لیے افسران کو مشورے دیے گئے ہیں۔'
سب سے پہلے چین میں 30 دسمبر کو نمونیا کا ایک معاملہ سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کسی نامعلوم وائرس کی علامت بتائی گئی تھی لیکن 7 جنوری کو کورونا وائرس کے بارے میں اطلاع ملی۔ حکومت نے اس معاملے میں جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 جنوری کو ہی میٹنگ طلب کر لی تھی اور 17 جنوری کو اس وائرس کے سلسلے میں ایڈوائزری جاری کی گئی تھی۔ مستقبل میں کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے وزیراعلی اور لیفٹیننٹ گورنر سے مسلسل نگرانی کرنے کے درخواست کی گئی ہے۔