ریاست اتراکھنڈ میں تبلیغی جماعت سے واپس آئے تین افراد میں کورونا کی تصدیق ہونے سے افراتفری مچ گئی ۔
محکمہ صحت نے تینوں کواودھم سنگھ نگر سے ہلداونی کے سشیلا تیواری میڈیکل کالج واسپتال’ایس ٹی ایچ‘منتقل کردیا ہے۔ ان کی جانچ کرنے اور ان کو گرفت میں لینے والے پولیس اہلکار کو بھی قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔
دوسری طرف پولیس محکمہ کی جانب سے ان لوگوں کو پکڑنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اودھم سنگھ نگر کے نوڈل افسر، ڈاکٹر اویناش کھنہ نے بتایا کہ ’جمعرات کے روز جن تین افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ان کو ہلدوانی کے سشیلا تیواری اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ ان کا علاج وہاں کیا جائے گا باقی دس افراد کو پنت نگر یونیورسٹی ہی میں کورنٹین کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں اور معاون عملے کو بھی حفاظت کے پیش نظر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ساتھ ہی ان آٹھ پولیس اہلکاروں کو بھی کورنٹین کرنے کا منصوبہ ہے جنہوں نے ان کو پکڑا ہے، انتظامیہ اور محکمہ صحت ان کے متعلق بھی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے جو لوگ ان کے رابطہ میں آئے ہیں۔
دوسری طرف کماؤں میں پہلی بار کورونا کیس آنے سے لوگوں میں افرا تفری مچ گئی۔ ابھی تک اتراکھنڈ کے کماؤں ڈویژن میں کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا تھا۔