مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل بھیونڈی میں کانگریس پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے مہاراشٹر میں ہونے والے دو بڑے حادثوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے اور جاں بحق ہونے والے خاندان کے اہل خانہ کو مالی مدد دینے اور پیٹرولیم پر لگنے والے سییس ٹیکس کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔اس موقع پر کانگریس پارٹی کے مقامی صدر شعیب خان گڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمت کافی کم ہے اسکے بعد بھی موجودہ مرکزی حکومت نے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کیا ہے ۔
بھیونڈی میں کانگریس کا احتجاج پٹرول ڈیزل کو جی ایس ٹی کے تحت نہ لاتے ہوئے ایک اور ٹیکس عائد کرکے پٹرول ڈیزل مہنگا کردیا گیا ہے. جسکے سبب ملک میں مہنگائی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے اور اس مہنگائی کی مار سے عوام بے حال ہے۔
مہاراشٹر میں حالیہ ہونے والے دو بڑے حادثوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ملاڈ ممبئی میں دیوار منہدم ہونے کے سبب 30 سے زیادہ شہری ہلاک ہوگئے دوسرا حادثہ رتناگری ڈیم ٹوٹنے سے دو درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔ ان حادثوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے اور خاطیوں کو سخت سزا ملنی چاہئے تاکہ مہلوکین کے اہل خانہ کو انصاف مل سکے۔
ریاستی حکومت کے وزیر پرسہ دینے کے بجائے بے تکے بیان دے رہے ہیں کہ ڈیم کیکڑوں کے مٹی کھانے کی وجہ سے ٹوٹا ہے۔ایک طرف مرکزی حکومت عوام کے تئیں بے حسی دکھا رہی وہیں دوسری جانب ریاستی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہزاروں کسان خودکشی کر رہے ہے۔اس دھرنے کے بعد پرانت افسر کو مطالباتی میمورنڈم پیش کیا . اس موقع پر کانگریس پارٹی کے کارپوریٹر، عہدیداران اور کارکنان موجود کثیر تعداد میں موجود تھے ۔