کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں جنگل راج عروج پر ہے اور ریاست کی یوگی حکومت لوگوں کو خصوصاً خواتین کو سکیورٹی دینے میں ناکام ثابت ہورہی ہے۔
راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ’’اترپردیش میں ذات پات پر مبنی تشدد اور عصمت دری کا جنگل راج عروج پر ہے۔اب ایک اور خطرناک واقعہ سرپنچ ستیہ میو نے دلت ہوکر ’نہ‘ کہا جس کی وجہ سے ان کا قتل کردیا گیا۔ ستیہ میو جی کے گھروالوں کے تئیں تعزیت۔‘‘
پرینکا واڈرا نے کہا کہ ’’بلند شہر، ہاپڑ، لکھیم پور کھیری اور اب گورکھ پور مسلسل اس طرح کے واقعات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خواتین کو سکیورٹی دینے میں اتر پردیش حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ریاست میں مجرم بے لگام ہوگئے ہیں اور وہ بے خوف ہوکر واردات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجرموں کے دل میں قانون کا کوئی ڈر نہیں ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ خواتین کے خلاف جرم کے بھیانک سے بھیانک واردات انجام دئے جا رہے ہیں۔ اور انتظامیہ نہ تو سکیورٹی دے پا رہا ہے اور نہ ہی مناسب کارروائی کر پارہا ہے۔‘‘
پرینکا واڈرا نے کہا کہ ’’اترپردیش حکومت امن و قانون کا جائزہ لے اور خواتین کی حفاظت سے متعلق ہر قدم سنجیدگی سے اٹھائے۔''