جمعیۃ علماء ہند کے صدر امیرالہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پور ی نے موجودہ وبائی ماحول میں نماز عید الاضحی اور قربانی کی ادائیگی کو لے لوگوں کے ذہن میں چل رہے سوالات کے مدنظر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ قربانی ایک اہم عبادت اور اِسلام کے شعائر میں سے ہے، جو شخص وسعت اور قدرت کے باوجود قربانی نہ کرے، اُس کے متعلق احادیث میں سخت وعید وارد ہے۔
کووڈ 19 : قربانی پر جمعیۃ علماء ہند کی وضاحت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا کہ جو شخص قربانی کی گنجائش رکھنے کے باوجود قربانی نہ کرے وہ ہماری عیدگاہ میں نہ آئے۔ (رواہ الحاکم، الترغیب والترہیب مکمل ص: 256)نیز پیغمبر علیہ السلام کا ارشاد ہے کہ قربانی کے ایام (10-تا-12/ذی الحجہ) میں کوئی عمل اللہ تعالیٰ کو خون بہانے (قربانی) سے زیادہ پسند نہیں ہے۔
(سنن ابن ماجہ حدیث نمبر: 3126، ترمذی شریف حدیث نمبر: 1493)لہٰذا ہر عاقل، بالغ، مقیم، صاحبِ نصاب شخص پر اَیامِ قربانی میں حسبِ شرائط جانور ذبح کرنا واجب ہے۔ بریں بنا جب تک مقررہ وقت کے اندر قربانی کرنے کی قدرت اور امکان باقی ہو، قربانی کے بجائے اُس کی قیمت صدقہ کرنے سے واجب ذمہ سے ساقط نہ ہوگا۔
پس قربانی کے بجائے صدقہ خیرات کافی نہیں بلکہ ہر صاحب نصاب شخص پر حتی الامکان قربانی کرنا ہی ضروری ہے۔ اگر موجودہ حالات میں اپنے شہر یا صوبہ میں قربانی میں دشواری ہو، تو دوسری جگہ پر معتبر اَفراد یا اِداروں کے ذریعہ قربانی کی ادائیگی کی فکر لازم ہے۔
البتہ اگر بالفرض قربانی کے ایام گذرگئے اور قربانی کی کوئی صورت اِصالۃً یا وکالۃً ممکن نہ ہوسکی، تو اب اگر پہلے سے جانور خرید رکھا ہو تو اُسے ہی زندہ صدقہ کرنا ضروری ہوگا (خواہ ایک آدمی نے وہ جانور خرید رکھا ہو یا متعدد حضرات نے حصہ لے کر خریدا ہو) اور اگر جانور نہ خریدا ہو تو اَوسط درجہ کے بکرے (یا بڑے جانور کے ساتویں حصہ) کی قیمت صدقہ کرنا لازم ہوگی۔
اہم تنبیہ:- موجودہ وبائی ماحول میں قربانی کرنے والے حضرات کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قربانی کرتے وقت حکومتی ہدایات کی پوری پاس داری کریں، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، اور جانور کے فضلات کو سڑکوں، گلیوں اور نالیوں میں نہ ڈالیں بلکہ پلاسٹک کے تھیلوں وغیرہ میں بھرکر متعینہ جگہوں تک پہنچانے کا انتظام کریں، اور اِس بارے میں میونسپلٹی کے کارکنان کا ہرممکن تعاون کریں۔