جمعہ کے روز چین- بھارت تعلقات کے بارے میں جاری کردہ ایک ویڈیو میں مسٹر ویدونگ نے کہا کہ لداخ کی وادی گلوان میں چین-بھارت سرحد پر 15 جون کو جو کچھ بھی ہوا تھا، ویسی صورتحال بھارت اور چین نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 جولائی کو چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی ہے اور اس دوران دونوں کے مابین سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایک مثبت اتفاق رائے قائم ہوا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ "اس وقت فوجی کمانڈروں کی سطح پر بات چیت میں ہونے والے اتفاق رائے کی بنیاد پر خطے میں ہمارے فوجی دستے تعینات ہیں"۔
مسٹر ویدونگ نے کہا کہ وادی گلوان میں حالیہ پیشرفت کی وجہ سے بھارت میں کچھ لوگ چین اور بھارتی لیڈروں کے مابین قائم ہونے والے اتفاق رائے پر بھی شک کر رہے ہیں اور وہ چین- بھارت تعلقات کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں۔ ان تمام چیزوں کے سبب دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں دراڑ آیا ہے۔