بچوں کے حقوق کے لئے نوبل امن انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی کی ایک تنظیم بچوں کو استحصال سے مبرا بنانے کے لئے انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر 30 جولائی کو قومی سطح پر’ جسٹس فار ایوری چائلڈ ‘مہم کا آغاز کرنے جا ر ہی ہے۔
اس کے تحت ’’ 100 ملین فار 100 ملین‘‘ مہم کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بیداری پھیلانے اور ہندوستان میں سبھی بچوں کو 12ویں تک مفت اور معیاری تعلیم دستیاب کرانے کا مطالبہ کیا جائے گا.
کیلاش ستیارتھی چلڈرنس فاؤنڈیشن (کے ایس سی ایف) اس مہم کو چلائے گی۔ یہ پہل معاشرے کے غریب اور کمزور طبقوں کے بچوں کو کووڈ-19 وبا کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے اپیل بھی ہے۔
یہ ملک گیر مہم اگلے تین ماہ تک چلے گی۔ جس میں ملک بھر میں نوجوانوں کی زیرقیادت تنظیمیں اور طلبہ تنظیمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پالیسی سازوں اور حکومتوں کو بچوں کی اسمگلنگ کے تیئں آگاہ کرتے ہوئے ان سے اسے ختم کرنے کا مطالبہ کریں گی۔
کے ایس سی ایف نے کووڈ-19 وبا کے دوران کچھ ریاستوں میں لیبر قوانین میں نرمی کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے چائلڈ لیبر میں اضافہ ہوگا اور بچوں کی اسمگلنگ میں بھی اضافہ ہونے خدشہ ہے۔