بھارتی خلائی تحقیقی ادارے اسرو نے سماجی رابطے ٹوئٹر کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ اب 22 جولائی کو دن دو بجکر 43 منٹ پر دوبارہ چندریان۔2 کو لانچ کیا جائے گا۔
اس سے قبل آندھراپردیش کے شری ہری کوٹا سے 15 جولائی کو پیر کی رات 2 بجکر 51 منٹ پر خلائی مشن چندریان 2 کو لانچ کیا جانے والا تھا، تاہم اسے تکنیکی خرابی کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
اس خبر نے وہاں میڈیا گیلری میں موجود صحافیوں میں ہلچل مچادی تھی۔ اس میڈیا گیلری میں نہ صرف ملک بلکہ دیگر ممالک کے صحافی بھی موجود تھے تاکہ اس ہائی پروفائل لانچ کا کوریج کیا
جاسکے۔
اسرو نے اس حوالے سے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ٹی۔56 منٹ پر خلائی گاڑی میں تکنیکی خرابی محسوس کی گئی، اس لیے حفظ ما تقدم کے طور پر اسے ملتوی کر دیا گیا ہے اور اگلی تاریخ کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔