بھارتی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کے ساتھ دیگر دو افراد کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ اظہرالدین کے خلاف اورنگ آباد کے سٹی چوک پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔
ٹریول ایجنسی کے مالک کا کہنا ہے کہ اظہرالدین نے غیر ملکی سفر کے لیے ٹکٹ بک کرایا تھا لیکن اس کی رقم ابھی تک ادا نہیں کی گئی ہے، کمپنی نے متعدد دفعہ رقم طلب کیا لیکن وہ انہیں ہر بار یقین دہانی کراتے رہے۔
اس یقین دہانی سے پریشان ہوکر ٹریول ایجنسی کے مالک نے اظہرالدین کے خلاف مبینہ طور سے دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا ہے۔
اظہرالدین اور دو دیگر افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420 ، 406 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان پر دھوکہ دہی کا مقدمہ درج واضح رہے کہ محمد اظہرالدین گذشتہ برس ستمبر میں حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر منتخب
کیا گیا تھا۔
دو سال قبل انتخاب کے لیے نامزدگی کو ریٹرننگ آفیسر نے منسوخ کردیا تھا کیونکہ وہ میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں بی سی سی آئی کی جانب سے عائد پابندی کو ختم کرنے کے لیے کوئی ثبوت پیش کرنے سے قاصر تھے۔
واضح رہے کہ اظہرالدین پر سنہ 2000 میں میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کے بعد بی سی سی آئی نے ان پر تاحیات کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی لیکن بعد میں 8 نومبر 2012 کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے اظہر پر تاحیات پابندی کو مسترد کردیا۔
اظہر نے بھارت کے لیے 99 ٹیسٹ اور 334 یک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ ٹیسٹ میں انہوں نے 45.03 کی اوسط سے 6215 رنز بنائے ہیں جبکہ یک روزہ میں انہوں نے 36.92 کی اوسط سے 9378 رنز بنائے ہیں۔