ملی کونسل کا کہنا ہے کہ تبلیغی جماعت کے سلسلے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ حقیقت پر مبنی ہے۔ یہ افواہ پھیلانے اور بدنام کرنے والوں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔ فیصلہ نے واضح کردیا ہے کہ حکومت نے جان بوجھ کر تبلیغی جماعت کو بدنام کیا اور کوروناوائرس کی وبا کے تعلق سے اپنی ناکامیوں کا ٹھیکرا تبلیغی جماعت پر پھوڑ دیا۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جن دنوں تبلیغی جماعت کے خلاف لگار تار میڈیا میں منفی خبریں چل رہی تھیں ۔ حکومت کے افسران کورونا کے پھیلاﺅ کیلئے تبلیغی جماعت کے لوگوں کو ذمہ دار ٹھہرا رہے تھے اسی وقت یہ لگ رہاتھا کہ یہ سب ایک سازش اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے کیاجارہا ہے اور اب یہ سچ بمبی ہائی کورٹ نے واضح کردیاہے۔ عدلیہ نے جس جرات کے ساتھ حکومت اور میڈیا کو پھٹکار لگائی ہے وہ قابل ستائش ہے اور عدلیہ کے تئیں عوام کااعتمادمزید مضبوط ہوا ہے۔