ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال کی مٹی میں فرقہ پرستی نہیں رہی ہے اور یہاں کی عوام نے فرقہ پرستوں کو درکنا رکیا ہے۔ ترنمول کانگریس کے سالانہ شہید دیوس پر ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے اپوزیشن جماعتوں سے کہا کہ ان کے خلاف منفی مہم کا بنگال کی عوام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست کی عوام نے بی جے پی کو سمجھ لیا ہے کہ بی جے پی کو ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی سرو کار نہیں ہے۔ بی جے پی صرف منفی اور نفرت کی سیاست میں یقین رکھتی ہے اور بنگال کی عوام ترقی پسند اور لبرل ہیں وہ کبھی بھی فرقہ پرستی کی حمایت نہیں کرتے اس لئے مجھے امید ہے کہ اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی ضمانت ضبط ہوجائے گی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال روایتی انداز میں ترنمو ل کانگریس کے سالانہ پروگرام کو شایان شان طریقے سے منعقد نہیں کیا گیا ہے۔ ہر سال دھرم تلہ وکٹوریہ ہاؤس کے سامنے ایک بڑی ریلی کا انعقاد ہوتا تھا مگر اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے ایک جگہ 50 سے زاید افراد کو جمع کرنے کی اجازت نہیں ہے اس لئے ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس نے بی جے پی کی طرح شہید دیوس ریلی کو ورچوئل منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ممتا بنرجی نے اس ریلی کو اپنی رہائش گاہ سے خطاب کیا اور اس موقع پر ریاست کے تمام بوتھوں پر ایل ای ڈی لگائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ ممتا بنرجی کی تقریر کو ترنمول کانگریس کے تمام آفیشل سماجی ویب سائٹ، فیس بک، ٹوئیٹر، انسٹا گرام اور یوٹیوب پر بھی نشر کیا گیا ہے۔