بہار میں سیلاب کی صورتحال بدھ کے روز بھی بدستور تشویشناک رہی، وہیں مزید 16 اضلاع کے تقریباً 8 ہزار 358 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
آبی وسائل کے وزیر سنجے کمار جھا کا کہنا ہے کہ ریاست کے دارالحکومت کو گنگا کی بڑھتی آبی سطح سے فوری کوئی خطرہ نہیں ہے۔
قبل ازیں انہوں نے پٹنہ میں مختلف گنگا گھاٹ کا اچانک معائنہ کیا جس کے بعد انہوں نے یہ باتیں کہیں، اس دوران مشاہدہ کیا گیا کہ پٹنہ کے گاندھی گھاٹ میں پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پٹنہ کے گاندھی گھاٹ پر پانی خطرہ کے نشان سے 10 سینٹی میٹر اوپر جبکہ ہتھیدہ کے مقام پر 26 سینٹی میٹر اور بھاگلپور کے کہلگاؤں میں خطرے کے نشان سے 13 سینٹی میٹر سے اوپر بہہ رہا ہے۔
وزیر نے عہدیداروں کے ساتھ موقع پر جا کر جائزہ لیا اور معلوم کیا کہ گنگا میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح سے فوری طور پر کوئی خطرہ ہے یا نہیں، کیونکہ پٹنہ کے گاندھی گھاٹ پر پانی سیلاب کی سطح 50.52 میٹر سے 1.82 میٹر نیچے ہے۔
محکموں کے سکریٹری سنجیو ہنس نے وزیر موصوف کو پٹنہ ٹاؤن پروٹیکشن وال کی تفصیلات سے آگاہ کیا، سنجیو ہنس معائنے کے دوران وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔