پیر کو محکمہ تعلیم کے جاری کردہ خط کے مطابق جو اساتذہ غیر معینہ ہڑتال پر ہیں ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور محکمہ تعلیم نے انہیں ملازمت سے برخاست کرنے اور ان کی جگہ نئی تقرری کا حکم جاری کیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری آر کے مہاجن نے بہار ریاستی اساتذہ کوآرڈینیشن کمیٹی کی ہڑتال کے حوالے سے ڈی ایم، ڈی ڈی سی، میونسپل کمشنر اور تمام اضلاع کے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ایک خط لکھا ہے۔
اس میں خط میں میٹرک کے امتحانات کے انعقاد اور امتحان کی نگرانی میں رکاوٹ ڈالنے کی بابت ان تمام اساتذہ پر ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات دئے گئے ہیں۔
اور ایسے تمام اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کو کہا گیا ہے جنہیں امتحانات کی نگرانی میں مامور کیے جانے کے بعد بھی وہ اس میں شریک نہیں ہو رہے ہیں۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ جو اساتذہ اسکول کی تعلیمی سرگرمی میں شامل ہونے والے دیگر اساتذہ کو روکنے کی کوشش کریں گے ان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اتنا ہی نہیں ہڑتال کی حمایت میں اگر اساتذہ محکمہ تعلیم کے ضلع دفتر یا ڈویژن سطح کے دفتر کو زبردستی بند کرا رہے ہیں،ان کے خلاف ایف آئی آر کرائی جائے گی۔
محکمہ کی جانب سے جاری کردہ مکتوب اعلی چیف سکریٹری نے قانونی کارروائی کے ساتھ فوری طور پر شعبہ جاتی کارروائی کرتے ہوئے ایسے تمام ہڑتال کررہے اساتذہ کی خدمت ختم کرنے کی بات کہی ہے۔ اور نئی تقرریاں عمل میں لائی جانے کی بھی بات کہی ہے۔
خیال رہے کہ اساتذہ مساوی کام کے لیے مساوی تنخواہ کے مطالبے کو لے کر گزشتہ روز سے غیر معینہ ہڑتال پر ہیں، اور گزشتہ روز ریاست میں میٹرک کے امتحانات بھی منعقد ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم کو مشکلات کا سامنا ہے۔