وزیر اعظم نریندر مودی نے وارانسی کو دنیا کی رغبت کا مقام بتاتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ 'خود کفیل بھارت'اسکیم کے تحت اس قدیم مذہبی شہر کو ملک میں برآمدات کے ایک بڑے مرکز کے طور پرترقی دی جائے گی ۔ اس کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں۔ مودی نے اپنے پارلیمانی حلقے کے مختلف رفاہی و سماجی،مذہبی اور تجارتی تنظیموں کے نمائندوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے اس بحران میں وارانسی میں خدمت خلق کا نیا روپ دیکھنے کو ملا ہے اور حالات کے موافق ہوتے ہی وارانسی کی پرانی رونق بھی تیزی سے واپس لوٹے گی۔اس دوران انہوں نے خدمت خلق کرنے والے افراد کی سراہنا کی۔
وزیر اعظم نے وارانسی میں تقریبا 8ہزار کروڑ روپئے کے اخراجات والے مختلف پروجکٹز پر جاری کام کا ذکر رکتے ہوئے کہا کہ اس سے پورے علاقے کی صورتحال میں بلاشبہ بہتری آئے گی۔ حکومت کے حال کے فیصلوں کے بعد یہاں کی ساڑی،دست کاری، ڈیری، مچھلی و مدھو مکھی پروری کے کاروبار کے لئے بھی نئی امکانات کے دروازے کھلیں گے۔اس میں کسانوں اور نوجوانوں کو بڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔