شمالی کولکاتہ میں کورونا مریض کی لاش کو اس کے اہل خاندان نے تقریبا 15 گھنٹوں تک ایک دکان کے اندر رکھا۔
لواحقین کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹرز نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کردیا کیونکہ اس کی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ زیر التوا ہے۔
لواحقین کے مطابق وہ بدھ کی رات مریض کوکولکتہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال لے گئے تھے۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ الٹاڈنگا میں ایک سویٹ میٹ شاپ کے 55 سالہ مالک کو کووڈ 19 انفیکشن کا ٹیسٹ کرایا گیا اور شام کو لیبارٹری سے واپس آنے کے بعد اس کی موت ہوگئی۔
ہلاک شدہ کے بھائی نے بتایا ہے کہ 'ہم رات دس بجے کے قریب لاش اسپتال سے واپس لائے اسے دکان میں رکھا۔ مقامی پولیس اسٹیشن کو صورتحال سے آگاہ کیا اور ہم سب سڑک پر سوئے تھے'۔
مقامی پولیس تھانہ کے ذرائع نے بتایا کہ 'نجی اسپتال نے کورونا ٹسٹ کا نتیجہ نہ آنے کی وجہ سے لاش کی سرٹیفکیٹ دینے سے انکا کردیا ہے۔ اسی لیے مقامی لوگوں کی جانب سے نعش کو ان کی دوکان سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا'۔
شہری ادارہ اور ریاستی محکمہ صحت کو پولیس اسٹیشن کے ذریعہ آگاہ کیا گیا تھا اور اس شخص کی لاش کو اگلے دن دوپہر ایک بجے کے قریب سپرد خاک کردیا گیا۔
ریاست کے محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس کے بعد ان کے گھر اور اس کے آس پاس کے علاقے کو صاف ستھرا کردیا گیا۔