ریاست اترپردیش کے ضلع پریاگ راج (الہ آباد) میں جرائم پیشہ افراد اور زمین مافیاؤں کے خلاف مسلسل کارروائی جاری ہے۔ عتیق احمد، دلیپ مشرا، راجیش یادو، بچہ پاسی کے ساتھ ساتھ سپا کے رہنما بھائی رام لوچن یادو کے بعد آج عتیق احمد کے خاص شوٹر ذوالفقار عرف طوطا کی غیر قانونی ملکیت پر پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کی جانب سے بولڈوزر چلایا گیا جس کے سبب دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت زمیں بوس ہو گئی۔ اس تعلق سے پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتا یا کہ' یہ عمارتیں بغیر نقشہ پاس کرائے تعمیر کی گئی تھیں۔
پریاگ راج کے سابق رکن پارلیمان عتیق احمد کے خاص شوٹر ذوالفقار عرف طوطا کے مکان کو پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منہدم کر دیا ہے۔ فی الوقت ذوالفقار عرف طوطا نینی جیل میں بند ہیں، پی ڈی اے افسران نے اس تعلق سے کہا کہ' یہ بدنام زمانہ مجرم ذوالفقار عرف طوطا کا 500 مربع گز میں تعمیر 3 منزلہ مکان ہے جو نقشہ کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا اور جائیداد ناجائز قبضہ کے ذریعے حاصل کی گئی تھی، جسے مذکورہ محکمہ نے منہدم کر دیا ہے مزید ذوالفقار پر کارروائی کی جا رہی ہے۔