یوم پیدائش کے موقع پر خصوصی پیشکش۔۔۔
یکم جنوری 1941 کو جے پور میں پیدا ہوئے گوورددھن اسرانی بچپن سے ہی اداکار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔ سنہ 1963 میں اداکار بننے کا خواب لیے اسرانی ممبئی آ گئے جہاں ان کی ملاقات کشور ساہو اور رشی کیش مکھرجی جیسے فلم سازوں سے ہوئی اور ان کے کہنے پر اسرانی نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) پونے میں داخلہ لے لیا۔
سنہ 1966 میں پونے کے فلم انسٹی ٹیوٹ سے اداکاری کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اسرانی ممبئی آ گئے۔انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1967 میں ریلیز فلم ’ہرے کانچ کی چوڑیاں‘ سے کیا۔اسی درمیان اسرانی نے کچھ گجراتی فلموں میں بھی کام کیا۔ 1971 میں آئی فلم 'میرے اپنے'کے ذریعے اسرانی کسی حد تک اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔
سنہ 1973 میں رشی کیش مکھرجی کی ہدایت میں بنی فلم 'ابھیمان' میں اسرانی نے امیتابھ بچن کے دوست کا کردار نبھایا تھا ۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کیلئے اسرانی بہترین معاون اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کئے گئے تھے۔
سال 1975 میں ریلیز فلم 'شعلے' اسرانی کے فلمی کیرئیر کے لیے میل کا پتھر ثابت ہوئی۔ رمیش شپ کی ہدایت میں بنی فلم شعلے میں انہوں نے جیلر کا کردار نبھایا تھا اور ان کا بولا گیا ڈائیلاگ 'ہم انگریزوں کے زمانے کے جیلر ہیں'۔ آج بھی ناظرین نہیں بھول پائے ہیں۔