دیشاایکٹ پر عمل کے حصہ کے طور پر اے پی کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے راجہ مہیندراورم میں دیشا پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا۔
یہ ملک کا پہلا دیشا پولیس اسٹیشن ہے۔وزیراعلی نے بعد ازاں خاتون وزرا اور ارکان اسمبلی کے ساتھ اس خصوصی پولیس اسٹیشن کا معائنہ بھی کیا۔اس تقریب میں اے پی کے ڈی جی پی گوتم سوانگ،وزیرداخلہ ایم سُوچیرتا،رکن اسمبلی روجا،اے پی خواتین کمیشن کی صدرنشین واسی ریڈی پدما اور دیشا ایکٹ پر عمل کرنے والے عہدیدار بھی موجود تھے۔
خواتین کے خلاف جنسی جرائم کی روک تھام کے لئے یہ پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔وزیراعلی نے دیشا ایپ بھی جاری کیا۔اس پولیس اسٹیشن کی خصوصیات میں یہ ہے کہ یہ پولیس اسٹیشن 24گھنٹے کام کرے گا اور اس اسٹیشن میں 52 ملازمین کو تعینات کیاگیا ہے۔
ملک کے پہلے دیشا پولیس اسٹیشن کا آندھرا پردیش میں افتتاح حکومت ریاست بھر میں ایسے 13 دیشا پولیس اسٹیشنوں کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔علاوہ ازیں 18 دیشا کنٹرول رومس بھی 24گھنٹے کام کریں گے۔راجہ مہیندراورم دیشا پولیس اسٹیشن کی تعمیر 4 ہزارمربع فیٹ پر عمل میں لائی گئی ہے جو دو فلورس پر مشتمل ہے۔
ہر دیشا پولیس اسٹیشن ڈی ایس پی کی نگرانی میں کام کرے گا۔اس میں پانچ انسپکٹرس کے علاوہ 18کانسٹیبلس،دو ڈاٹا انٹری آپریٹرس اور ایک سائبر کا ماہر ہوگا۔دیشا پولیس اسٹیشن میں ہی فارنسک لیب اور خصوصی عدالت ہوگی جو جنسی زیادتی کے معاملات کی سماعت کرے گی۔
تلنگانہ میں دیشا کی اجتماعی عصمت دری اور اس کے قتل کے بعد وزیراعلی نے خواتین اور لڑکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے دیشا ایکٹ 2019کو نافذ کیاتھا۔اس ایکٹ کے تحت عصمت دری کے معاملات میں ملزمین کا جرم ثابت ہونے کے لئے مناسب شواہد ہونے پر سخت سزا کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
ایسے معاملات کافیصلہ 21دن میں سنایاجائے گا،سات دن میں اس کی تحقیقات مکمل کرلی جائے گی۔آندھراپردیش کریمنل لا کوترمیم کرتے ہوئے دیشا ایکٹ بنایاگیا ہے۔اس افتتاحی تقریب کے بعد آدی کوی ننیا یونیورسٹی میں منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ قانون کا مقصد متاثرین کو تیز تر انصاف فراہم کرنا ہے۔
اس قانون میں جرم کرنے والوں کے لئے سخت سزا کی گنجائش رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں یہ خصوصی قانون ہے۔انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی برقراری بالخصوص خواتین کی سلامتی ان کی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
فوری سزا کے خوف سے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف جنسی زیادتی کے واقعات نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ نربھئے معاملہ کے کئی سال کے باوجود بھی مجرمین کو سزانہیں دی جاسکی۔انہوں نے کہاکہ اس ماہ کے اواخر میں 18دیشا پولیس اسٹیشنس دستیاب رہیں گے۔حکومت نے کریتیکا شکلا اور دپیکا پاٹل کو اے پی دیشا ایکٹ2019پر عمل کے لئے اسپیشل آفیسرس کے طورپر مقرر کیا ہے۔