امیت شاہ اکتوبر میں بنگال بی جے پی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے - امیت شاہ کی بنگال بی جےپی لیڈر کے ساتھ میٹنگ
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بنگال بی جے پی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق یہ ملاقات اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ہوسکتی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ میٹنگ میں بنگال بی جے پی کے تین انچارج شیو پرکاش، کیلاش وجے ورگی، اروند مینن اور بنگال بی جے پی کے سینئر لیڈران دلیپ گھوش مکل رائے اور راہل سنہاموجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں ریاستی بی جے پی کے کچھ نائب صدور اور جنرل سکریٹریوں کو بھی مدعو کیاجاسکتا ہے۔پارٹی کی مرکزی قیادت نے رواں ہفتے دہلی میں بنگال بی جے پی کے ساتھ تین روزہ میٹنگ کی تھی۔ ان میٹنگوں میں پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا بھی موجود تھے۔
امیت شاہ جب پارٹی کے قومی صدر تھے تو ان کی بنگال پر گہری نظر تھی اور انہوں نے ہی 42 لوک سبھا حلقوں میں سے 22سیٹوں پر انتخاب جیتنے کا ہدف مقرر کیا تھا اور بی جے پی 18سیٹوں پر جیتنے میں کامیاب بھی رہی۔
ریاستی بی جے پی کے جنرل سکریٹریوں میں سے ایک سیانتن باسو نے کہا کہ امیت شاہ کے ساتھ میٹنگ میں تنظیمی امور پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں اور مختلف پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں دیوالی کے بعد امیت شاہ کے دوروں کی تاریخ طے کی جائے گی۔
ابھی کچھ دن پہلے ہی بی جے پی کی ریاستی قیادت نے مرکزی وزیر داخلہ کو ایک خط لکھ کرالزام لگایا گیا تھا کہ مغربی بنگال میں شدید سیاسی تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ بنگال میں لااینڈآرڈر کی صورت حال بہتر نہیں ہے۔اس لئے اس معاملے میں مرکز کو مداخلت کرنی چاہیے۔