مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آسام میں قومی شہری رجسٹر (این آرسي) کی آخری فہرست میں شامل ہونے سے محروم رہنے والے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ کسی بھی مقامی شہری كو این آر سی سے باہر نہیں رکھا جائے گا۔
این آر سی سے باہر لوگوں کو امت شاہ کی یقین دہانی - Amit Shah In Assam
مرکزی وزیر اداخلہ امت شاہ نے ایسٹرن کونسل کے اجلاس سے کہا کہ 'این آر سی ایک مسئلہ ہے۔ ملک میں کسی بھی دراندازی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔'
مسٹر شاہ نے نارتھ ایسٹرن کونسل ( این ای سی ) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں این آر سی ایک مسئلہ ہے۔ بہت سے لوگ کئی طرح کے سوال اٹھا رہے ہیں۔ این آر سی کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا، "میں کہنا چاہتا ہوں کہ حکومت ملک میں کسی بھی درانداز کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گی'۔
بعد میں این آر سی معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران مسٹر شاہ نے انہیں یقین دلایا کہ کوئی مقامی شہری این آرسی سے باہر نہیں رہے گا اور کسی بھی غیر ملکی کو اس میں شامل نہیں کیا جائے گا'۔
پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر رنجیت داس اور ریاستی کابینہ کے رکن ڈاکٹرہیمنت وشو شرما اور پریمل شكلا ویدیا اور دیگر رہنماؤں نے این آرسی مسئلے پر مسٹر شاہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد مسٹر شكلا نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر شاہ نے لوگوں سے اس بارے میں فکر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے بتایا، "وفد نے کئی مقامی لوگوں کے نام این آر سی کی آخری فہرست میں شامل ہونے سے محروم ہونے کا مسئلہ وزیر داخلہ کے سامنے اٹھایا۔ انہوں نے تفصیل سے ہماری باتیں سنیں اور یقین دہانی کرائی کہ کوئی بھی مقامی شہری این آر سی سے باہر نہیں رہے گا اور کوئی بھی غیر ملکی اس میں شامل نہیں ہو گا۔ "